احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد ثاثوں کا ریفرنس نیب بھجوادیا
اسلام آباد (وقائع نگار) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار وغیرہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات نیب ریفرنس میں ملزموں کی نیب ترمیمی ایکٹ 2022ء کے تحت دائر درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریفرنس واپس نیب کو بھجوا دیا۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریفرنس واپس نیب کو بھیجنے کا حکم سنادیا اور کہا کہ نئے نیب ایکٹ کے تحت ہمارا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر تین ملزموں نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی تھی جن پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی نامزد تھے۔ نیب کی جانب سے اسحاق ڈار سمیت دیگر ملزموں کے خلاف دسمبر 2017 میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں تفتیشی افسر سمیت 42 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔