• news

آرمی چیف کی تعینا تی ، سمری وزیراعظم ہائوس کو مو صول : وزیردفاع 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) جی ایچ کیو کی جانب سے6  سینئر ترین تھری سٹار جنرلز پر مشتمل سمری وزارت دفاع کو بھیج دی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے اس کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے 6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز پر مشتمل سمری وزارت دفاع کو بھیج دی گئی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پاک فوج میں اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد کیا جب کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی وزیراعظم ہائوس میں میاں شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کی اور پاک فوج میں اہم عہدوں پر تعیناتیوں پر تبادلہ خیالات کیا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج میں اہم تعیناتیوں  کے حوالے سے آئندہ 24  گھنٹے انتہائی اہم ہیں، وزیراعظم نے کل وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جب کہ وزیراعظم کل ہی ترکیہ کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کی جانب سے آج وزیراعظم ہائوس کو کسی بھی وقت سمری موصول ہو جائے گی جس کے بعد وزیراعظم کی اتحادیوں سے مشاورت اور کابینہ میں غور و خوض کے بعد حکومت کی جانب سے ان تعیناتیوں کا اعلان کیا جائے گا۔ منگل کو وزیراعظم ہائوس میں آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدوں پر تقرری کے تناظر میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے دفاعی امور ملک احمد خان بھی شریک ہوئے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس مشاورتی اجلاس  کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات مشاورتی عمل کا حصہ ہے جس میں اہم قومی امور اور اہم تعیناتیوں سے متعلق گفتگو کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ کیو کی جانب سے بھیجے گئے نام وزارت دفاع وزیراعظم کو بھجوا دے گی جس پر وزیراعظم شہباز شریف حتمی فیصلہ کریں گے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ اگلے 48 گھنٹوں میں آرمی چیف کی تقرری کے پراسس پر عمل ہو گا۔ یہ وقت کل شام تک مکمل ہو گا۔ وزیردفاع کا کہنا تھا کہ سینئر فوجی افسران کا نام بھیجنے کا استحقاق جی ایچ کیوکا ہے۔ ان کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ سول ملٹری تعلقات میں قطعی کوئی تنائو نہیں ہے۔ دریں اثناء سابق صدر  آصف علی زرداری نے بھی وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں اہم تقرری کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم ہائوس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی مزاج پرسی کی جب کہ وزیراعظم نے آصف زرداری کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں قائدین کے مابین مجموعی ملکی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا ہے۔ اس ضمن میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے تین نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پر ترکیہ جائیں گے، سرکاری دورے کا آغاز24 نومبر بروز جمعرات سے ہو گا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم دورے کے دوران ترک قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تجارتی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم ترک ہم منصب، ترکیہ میں بزنس کمینوٹی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم روانگی سے قبل ہی اہم تعیناتی کا فیصلہ کر کے ترکیہ روانہ ہونگے۔ وزیراعظم پاک ترک تعاون سے تیار بحری جہاز سمندر میں اتارنے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم دورہ ترکیہ میں پاکستان نیوی کی ترکیہ کے تعاون سے بنائے گئے فریگیٹ کا افتتاح کریں گے، فریگیٹ کا افتتاح وزیراعظم اور ترک صدر مشترکا طور پر کریں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ ترکیہ کی دعوت ترک صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کی رپورٹ میں یہ دعوی بھی کیا گیا کہ پاک فوج میں اعلی ترین عہدوں پر تعیناتی کیلئے نامزدگیوں پر مشتمل سمری وزیراعظم ہائوس کو موصول ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پی ایم آفس کو بھیجی جانے والی سمری میں 6 سینیئر ترین افسران کے نام شامل ہیں۔ جن میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے جبکہ دوسرا لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد کا ہے۔ تیسرے نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، چوتھے نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل نعمان   محمود، پانچویں نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید جب کہ چھٹے اور آخری نمبر پر لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا نام شامل ہے۔ ادھر حکومتی وزراء نے پاک فوج میں اعلی عہدوں پر تقرریوں کے لئے سمری وزیراعظم ہائوس کو موصول ہونے کی افواہوں کی تردید کر دی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم آفس کو سمری تاحال موصول نہیں ہوئی، سمری  وصول ہونے پر اس کی تصدیق کر دی جائے گی۔ جب کہ وزیراطلاعات مریم اورنگ زیب نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سمری تاحال وزیراعظم ہائوس کو موصول نہیں ہوئی، قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سمری موصول ہونے پر اطلاع دے دی جائے گی۔ مریم اورنگ زیب نے یہ بھی وضاحت کی کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ ترکیہ کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، میڈیا سے درخواست ہے کہ بغیر تصدیق خبریں نہ چلائی جائیں۔ علاوہ ازیں حکومتی اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ قائدین کو عشائیہ دیا جائے گا۔

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری وزارت دفاع سے وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی۔ انشاء اﷲ باقی مراحل بھی جلد طے ہو جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن