علامہ اقبال یونیورسٹی کے سلیبس سے متعلق ایوان بالا میں توجہ دلا ؤنوٹس جمع
اسلام آباد(خبرنگار)امیر جے یو آئی کے پی سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے علامہ اقبال یونیورسٹی کے سلیبس سے متعلق ایوان بالا میں توجہ دلا نوٹس جمع کروادیا جس میں کہاگیاکہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی گیارہویں جماعت کی کتاب عمرانیات میں نو جوان نسل کو ورغلایا جارہا ہے۔متن کے مطابق مذہب اسلام کو ترقی کا دشمن بتایا جارہا ہے،سلیبس میں خواتین کے پردہ کے متعلق بیہودہ تشہیر کی گئی ہے۔نوٹس میں کہاگیاکہ سود کے متعلق طلبا کا ذہن بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ اس کے بغیر معیشت بالکل ختم ہوجائے گی۔مولانا عطا الرحمن نے کہاکہ سود کے متعلق قرآن و سنت میں واضح احکامات موجود ہیں،آئین پاکستان کے ماوراء اس قسم کے شر انگیز نصاب کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔