ن لیگ دھمکیاں دینا بند‘ بوریا بستر سمیٹنے کی تیاری کرے: مسرت چیمہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کو دھمکیاں دینے والے ن لیگی اپنے بھگوڑے لیڈر کی فکر کریں جو اب لندن سے بھاگ کر چھپتا پھر رہا ہے۔ یہ بات ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت دفاع پر بیٹھے شخص کی دھمکیوں سے اس کی مکروہ ذہنیت کھل کر عوام کے سامنے آگئی ہے۔ مفرور لیڈر کے پیروکار کا بیان ان کی جماعت کی سوچ کا عکاس ہے۔ ن لیگ دھمکیاں دینا بند کرے اور بوریا بستر سمیٹنے کی تیاری کرے۔ 26 نومبر کو عوام کا جم غفیر ان کو راولپنڈی میں اپنا فیصلہ سنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کی حکومت نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے بوریاں بھر بھر کر لوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرکاری تعیناتی کی وجہ سے ملک ہیجان کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ مسرت جمشید نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے آنے والی تباہی کا ذمہ دار ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ زرداری کا قبضہ مافیا ہے۔