آرمی چیف کی تقرری کے بعد بھی الیکشن نہ ہوئے تو اگلا لائحہ عمل آئے گا: فواد
لاہور (نیٹ نیوز) تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارا مطالبہ ملک میں نئے الیکشن ہے‘ اگر آرمی چیف کی تقرری کے بعد الیکشن نہیں ہونگے تو پھر ہمارا اگلا لائحہ عمل سامنے آئے گا۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں میں الیکشن کے حوالے سے ان فارمل رابطے ہوئے‘ حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے باقی فریم ورک بیٹھ کر طے کر لیں گے۔ الیکشن کرانا اس وقت تحریک انصاف نہیں پاکستان کا معاملہ ہے۔ ٹیکنو کریٹس لائے گئے تو ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ اداروں کے ساتھ تلخیاں فیصلوں پر ہوتی ہیں، فیصلے غلط ہوں گے تو تلخیاں بڑھیں گی، ٹھیک ہوں گے تو دور ہوں گی۔ موجودہ صورتحال میں بہترین حل یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں اور اسٹیبلشمنٹ ایک دوسرے کو موقع دیں۔