• news

قطر کو فیفا ورلڈ کپ کے میزبان کے طور پر پراپیگنڈا کا نشانہ بنایا جا رہا: شہباز شریف 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے قطر کو فیفا ورلڈ کپ کے میزبان کے طور پر پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، میگا ایونٹ کے شاندار انتظامات اور عالمی امن و ترقی کے فروغ کے لیے قطر کو سراہا جانا چاہیے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے قطر کو فیفا ورلڈ کپ کی میزبان کے طور پر پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کی بجائے میگا ایونٹ کے شاندار انتظامات اور عالمی امن و ترقی کے فروغ کے لیے قطر کو سراہا جانا چاہیے، اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان قطر کے امیر اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے رکن قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری کی رہائش گاہ جا کر ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو وزیر اعظم شہباز شریف سردار ریاض محمود خان مزاری کے گھر گئے اور ان کے والد سابق نگران وزیر اعظم سردار بلخ شیر مزاری کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے مرحوم سردار بلخ شیر مزاری کی مغفرت اور  بلندی درجات کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سردار بلخ شیر مزاری کی ملک کے لیے بیمثال خدمات تھیں جنہیں مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر ڈاکٹر سید توقیر شاہ کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ڈاکٹر سید توقیر شاہ کی والدہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کا اظہار  کیا۔ وزیر اعظم  نے مرحومہ کیلئے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن