• news

خودکش حملے کا خطرہ ، پی ٹی آئی مارچ موخر کرے : وزارت داخلہ 

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزارت داخلہ کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ پر خودکش حملے کا خطرہ ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے اسد عمر کو مراسلہ ارسال کیا گیا جس میں  ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انتہا پسند جماعتیں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر دہشتگردی کا حملہ کر سکتی ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ حملے میں بیرونی عناصر کی جانب سے بھی کارروائی کا اندیشہ ہے، عوامی اجتماعات کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے ‘عوامی اجتماعات میں خودکش یا بم حملہ بھی ہو سکتا ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں عوامی اجتماع کو مؤخر کرے۔ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ سے  متعلق وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں‘ گلگت اور آزادکشمیر کی حکومتوں کو خطوط لکھ دیئے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ لانگ مارچ 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچے گا جہاں پر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن