مدھیہ پردیش: پولیس تشدد سے مسلمان نوجوان شہید‘ ورثاء کا احتجاج
نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے ضلع گونا میں ایک مسلمان کو گرفتارکرکے دوران حراست قتل کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 30سالہ اسرائیل خان کو پولیس نے گوکل سنگھ چک میں اس کے گھر کے قریب اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ بھوپال میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد رکشے میں گھر واپس جا رہے تھے۔ پولیس اہلکاروں نے اسے پوچھ گچھ کے دوران شدید تشددکا نشانہ بنایا۔ بے ہوش ہو گیا تو اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیا۔ اہل خانہ نے دیگر لوگوں کے ہمراہ ان کے قتل پر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں احتجاج کیا۔ انہوں نے میت لے کر ہائی وے پر احتجاجی مظاہرے کیے اور قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا گیا اور کینٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ خاندان کے ایک رکن نے کہا کہ پولیس والوں نے ان سے ایک لاکھ روپے مانگے تھے لیکن وہ صرف 30ہزار روپے ہی دے سکے۔