• news

وزیراعظم متعین طریقہ کار کے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے : مریم اورنگزیب 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت دفاع کی جانب سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی ہے، سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لئے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کی منسوخی کی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ ترکیہ کی منسوخی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف فریگیٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے جمعے کو ترکیہ روانہ ہوں گے۔اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔اسلام آباد  سے خبرنگار خصوصی کے مطابق  وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ملک میں سکرین ٹورزم کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے سکرین ٹورزم کے ذریعے ہم  اپنی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو بھی فروغ دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پی ٹی وی فلم اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کے درمیان ''نقش ڈیجیٹل فلم'' کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  وفاقی وزیر اطلاعات نے ''نقش ڈیجیٹل فلم'' پروگرام کے کامیابی سے اجراء  پر فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کا فروغ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن