• news

اہم تقرری پر صدر مجھ سے مشورہ کرینگے ، قانون کے دائرہ میں کھیلیں گے ، عمران 

لاہور؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اہم تقرری کی سمری سے متعلق صدر سے رابطے میں ہوں اور وہ مجھ سے مشورہ کریں گے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی میرے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم تقرری پر وزیراعظم ایک مفرور کے پاس پوچھنے کیلئے جاتا ہے، میں تو اپنی جماعت کا سربراہ ہوں تو صدر مجھ سے ضرور بات کریں گے، میں نواز شریف کی نیت پر شک کرتا ہوں۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میرا کیا تعلق کہ کون آرمی چیف بنے؟۔ جو میرٹ پر بہترین ہے اسے بنا دو، مجھے کون سے اپنے کرپشن کیس ختم کرانے ہیں یا الیکشن جیتنے کیلئے ان کی مدد چاہیے، نواز شریف جسے بھی آرمی چیف چنے گا وہ پہلے دن سے متنازع ہو جائے گا، نوازشریف امید کررہا ہے ایسا آدمی لاؤں گا جو عمران خان  اور پی ٹی آئی کو کیسے ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور میں نے فیصلہ کیا ہے ہم قانون کے اندر رہ کر کھیلیں گے، جو بھی کریں گے آئین اور قانون کے درمیان میں رہے گا، یہ نوے کی دہائی کے سیاستدان ہیں ان کا وقت ختم ہوگیا ہے، یہ صرف یہ امید رکھتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر چڑھ کر آئیں۔ راولپنڈی  سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے ڈھوک کالا خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند گھنٹوں میں ایسا اہتمام کیا گیا جس سے لگ رہا کہ پنڈی جاگ گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا جب سے پی ڈی ایم کی حکومت آئی ہے لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں، آج کسان بد حال ہوچکا ہے، کھاد کی قیمت دیکھ لیں۔ آٹا، دال، چینی،گھی اور پٹرول کی قیمت کو دیکھیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد کو عملی جامہ پہنانا ہے تو 25 نومبر کو پاکستان کی سیاست کا بڑا فیصلہ کرنا ہوگا۔ 26 تاریخ کا دن بہت اہم ہے جو تاریخ میں لکھا جائے گا۔ پاکستان کے سیاسی نقشے  بدلنے کا وقت آن پہنچا ہے، عمران خان نے عوام کیلئے 26 نومبر کو پنڈی آنے کا فیصلہ کیا، ملتان سے لوگ آرہے ہیں،  25 تاریخ کو میرا بیٹا ملتان سے قافلوں کو لیکر راولپنڈی آئے گا۔ 26  تاریخ کو پنڈی والوں نے آر پار کرنا ہے۔  اسد عمر نے کہا کہ نظام کو ٹھیک کرنے کا وقت آگیا۔ اب پاکستان کو ایسے نہیں چلنے دینا، مری روڈ مارچ کا وینیو ہوگا، سکیورٹی ذمہ داری زیادہ پنجاب حکومت کی ہوگی۔ شیخ راشد شفیق نے ڈھوک کالا میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی تیار ہے اور پوری طرح شرکت کرے گا۔ دریں اثناء عمران خان نے 40 ہزار سے زائد کارکنوں کے لئے خیمہ بستی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ عمران خان نے راولپنڈی کی کال کے معاملے پر راولپنڈی ڈویژن سے انتظامات کی رپورٹ طلب کر لی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہدایت کی کہ شہر میں 2 سے 3مقامات پر کارکنوں کی رہائش کا انتظام کیا جائے اور دور دراز علاقوں سے آنے والے کارکنوں کو ایک روز پہلے راولپنڈی پہنچنے کا ٹارگٹ دے دیا گیا ہے۔  دوسری جانب 26 نومبر کو راولپنڈی میں حقیقی آزادی مارچ کے میگا ایونٹ کی تیاریاں جاری ہیں۔ اسد عمر نے سیاسی، انتظامی، میڈیا و سماجی میڈیا اور سٹرٹیجک ٹیموں کو متحرک کردیا ہے۔ جبکہ اسد عمر کے راولپنڈی کے مختلف علاقوں کے دوروں کا شیڈول مرتب کرلیا گیا ہے۔ اسد عمر شام کو تحریک انصاف کی مقامی قائدین کے اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں ذمہ داران کو مزید اہم ہدایات بھی دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن