• news

کلمہ چوک ری ماڈلنگ منصوبے کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب 


لاہور ( کامرس رپورٹر) پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے رواں ماہ میں کلمہ چوک ریماڈلنگ اور سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ کی تعمیر شروع کر دی تھی۔ اتھارٹی نے اس میگا پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران عوامی ریلیف اور حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔سی بی ڈی پنجاب کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کیلئے شہریوں کو شہراوں کی بندش کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے کے لیے متعدد پلیٹ فارم استعمال کر رہا ہے۔ پیک اورز ٹریفک کی روانی میں سستی دیکھی گئی ہے لیکن مکمل ٹریفک  جام کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے جو اتھارٹی کے ٹریفک ڈائیورڑن اور تعمیراتی پلان کی جامعیت کا ثبوت ہے۔ بلا تعطل اور یکساں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے سی بی ڈی پنجاب سٹی ٹریفک پولیس (سی ٹی پی) لاہور کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے۔ سی ٹی پی راستہ ایف ایم 89 پر ہر گھنٹے کے بعد ٹریفک اپ ڈیٹس بھی نشر کر رہا ہے، کلمہ چوک اور ملحقہ راستوں پر اضافی ٹریفک وارڈنز بھی تعینات ہیں، جبکہ اتھارٹی نے روزانہ مسافروں کی مدد کے لیے ڈائیورڑن سائن بورڈز بھی لگا دیے ہیں۔منصوبے کی پیشرفت اور ٹریفک اپ ڈیٹس کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی سی بی ڈی ڈی اے  ریاض حسین نے کہا کہ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے اور ہم اس کی بروقت تکمیل کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ جب بھی کہیں تعمیراتی کام ہو رہا ہوتا ہے تو چھوٹے مسائل درپیش آتے ہیں اور ہم اہلیان لاہور کو کسی قسم کی تکلیف سے محفوظ رکھنے کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں۔ میں عوام سے ان کے تعاون کی درخواست کرنا چاہوں گا کیونکہ یہ منصوبہ ان کے فائدے کے لیے ہے''۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینٹ میری پارک سے سینٹر پوائنٹ تک  پائیل بیمز کا کام تکمیل کے قریب ہے اور علی زیب روڈ پر بھی پائیل بیمز کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن