غلام علی کی گورنر خیبر پی کے تعیناتی خوش آئند ہے: لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر )لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خیبر پختونخواکے نو منتخب گورنر حاجی غلام علی کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ حاجی غلام علی کی بطور گورنر تعیناتی کاروباری برادری کیلئے محسور کْن ہے ۔اپنے بیان میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور نائب صدر عدنان خالد بٹ نے کہا ہے کہ حاجی غلام علی تاجر برادری کے نمائندہ ہیں۔ وہ اس سے پہلے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں جبکہ وہ سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر بھی ہیں۔ حاجی غلام علی ایک بہترین کاروباری شخصیت ہیں اور تاجر برادری کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ وہ اس سے قبل مارچ 2009 سے مارچ 2015 تک سینیٹر رہ چکے ہیں۔ وہ ستمبر 2012 سے ستمبر 2015 تک کے پی کے بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے رکن بھی رہے۔اور 2009 سے 2012 تک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین رہے۔حاجی غلام علی کی بطور گورنر تعیناتی تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے میں ایک بہترین اقدام ثابت ہوگی۔