ایل ڈی اے خوشحال ،آلودگی سے پاک لاہو کیلئے کوشاں ہے:عامرخان
لاہور( نیوز رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر احمد خان نے کہا کہ ایل ڈی اے ایک خوشحال ،آلودگی سے پاک اور لاہور کے بہتر مستقبل پر کام کر رہا ہے۔ ماحول کے تحفظ ،سموگ اور آلودگی کے تدارک کے لیے ہم متعلقہ محکموںاور تمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ مکمل تعاون کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بلند وبالاعمارتوں اورعام گھروں میں شجرکاری یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے جارہے ہیں۔ماسٹر پلان2050ءتمام شہری سہولتوں کی فر اہمی کےساتھ ساتھ آلودگی کے خاتمے کے لیے بھی کردار ادا کرے گا۔ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ ماسٹر پلان2050ءکی تیاری کے لیے ہم بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں بلکہ شہرشہر جا کر کام کر رہے ہیں۔ ماسٹر پلان میں تمام سٹیک ہولڈرز، قانونی ماہرین ، ٹاﺅن پلانرز اور عام شہریوں کی تجاویز شامل کی گئی ہیں۔ وہ گزشتہ روز ایل ڈی اے کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس جوہر ٹاﺅن میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے منعقدہ ورکشاپ کے شرکاءسے گفتگو کر رہے تھے۔ڈی جی ریسکیو1122رضوان نے کہا کہ میاواکی فاریسٹ جیسے منصوبے آلودگی پر قابو پانے میں بھرپور معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔آلودگی کے خاتمے کیلئے ایل ڈی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔