اقتدار کی رسہ کشی سے ملکی حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں: ثروت اعجاز قادری
لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سیاست اور تمام سیاسی جماعتوں سے پاکستان کی سالمیت زیادہ عزیز ہے۔ پارلیمنٹ عدلیہ اور فوج کو اپنے مورال کو بلند رکھنا چاہیے۔سیاسی اقتدار کی رسہ کشی سے ملکی حالات بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں، ملکی معیشت کا دھارا ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے، تیزی سے گرتی ہوئی روپے کی قدر اور موجودہ معاشی حالات پاکستان کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے، سیاستدانوں کے ذاتی مفادات اور آپس کی لڑائیاں ملک کی سالمیت کے لئے بدترین خطرہ ہیں۔ پاکستان میں عام انتخابات کے لئے پرامن اور سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی اقدار کے تحت سیاسی مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔منصفانہ انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں جائز جمہوری عمل کو چلنے دینا چاہیے۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت اپنے کرپشن کے مقدمات کو ختم کروانے کیلے من پسند قانون سازی کرنا آئین سے بدترین مذاق ہے بعض سیاسی جماعتیں ملک میں انارگی پھیلانا چاہتی ہیں۔