سیلاب متاثرین کی مالی امداد کا سلسلہ جاری ہے: زاہد اختر زمان
لاہور(سپیشل رپورٹر)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو / ریلیف کمشنر پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی مالی امداد کے لیے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی زیر قیادت متعلقہ اداروں نے دشوار گزار اور کٹھن راستوں سے گزرتے ہوئے سیلاب سے تباہ شدہ علاقوں کی بستی بستی اور گھر گھر جا کر شفاف سروے کو یقینی بنایا ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نے بتایا کہ سیلاب متاثرین میں مالی امداد کی تقسیم کا عمل بذریعہ بینک آف پنجاب شروع کر دیا گیا ہے۔ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور عیسی خیل میں بینک آف پنجاب کی 25 برانچز سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے عمل کو یقینی بنا رہی ہیں اور متعلقہ برانچز میں سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے لیے خصوصی کاونٹرز قائم بھی قائم کیے گئے ہیں۔