چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو جاپان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست
لاہور(سپورٹس رپورٹر)فیفا ورلڈکپ 2022 میں ایک اور اپ سیٹ ہوگیا، اس بار چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو جاپان سے شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ گروپ ای کے ہونے والے میچ میں جاپان نے جرمنی کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرادیا۔ دفاعی چیمپئن فرانس نے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا ہے اور آسٹریلیا کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔وکرا میں کھیلے گئے میچ کے ابتدائی لمحات میں آسٹریلوی ٹیم حاوی رہی اور نویں منٹ میں گڈون کے گول سے میچ میں برتری حاصل کی۔ فرانس نے دباؤ بڑھایا اور 27 ویں منٹ میں ری بیوٹ نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔ 5 منٹ بعد فرانس کے سٹار کھلاڑی اولیویئر گیرو نے ریبیوٹ کے پاس پر گیند آسٹریلوی ٹیم کے جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلا دی۔فرانس کی یہ سبقت پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں بھی فرانس نے مزید دو گول بنائے، 68 ویں منٹ میں ایم باپے نے گیند جال میں پہنچائی جبکہ 71 ویں منٹ میں اولیویئر گرو نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول سکور کیا۔دوحہ کے البیت سٹیڈیم میں مراکش اور کروشیا کے درمیان گروپ ایف کا میچ کھیلا گیا جو کہ بغیر کسی گول کے برابر رہا اور دونوں ٹیموں کو یکساں پوائنٹ سے نوازا گیا۔فیفا رینکنگ میں 12 ویں نمبر پر موجود کروشیا میچ کے دوران کھیل پر قابض تو رہے مگر مراکش کے عمدہ دفاعی حکمت عملی کے باعث وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔میچ کے دوران کروشیا کو 5 کارنر بھی ملے تاہم وہ اس سے فائدہ نہ اٹھاسکے جبکہ مراکش کو کوئی کارنر نہ ملا۔