• news

قمر منہاس نے بیرون ملک اپنی صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن کیا: زمرد خان 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ہانگ کانگ کی حکومت کی جانب سے معروف پاکستانی نژاد قمر زمان منہاس کو سماجی خدمات اور معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے کی گئی کوششوں کے اعتراف میں"میڈل آف آنر" ملنے پر پاکستان سویٹ ہوم کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر اور پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے خصوصی شرکت کی۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عزیز دوست اور پاکستان کا فخر قمر منہاس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بیرون ملک اپنی اعلیٰ صلاحیتوں اور قابلیت سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ اس کامیابی پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ قمر زمان منہاس نے پاکستان کا نام روشن کیا اور وطن عزیز کے مثبت چہرے کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب میں نے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت کا بیڑا اٹھایا تو قمر زمان منہاس نے میری آواز پر لبیک کہا اور آج تک میرے اس عظیم مشن کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ تقریب ملک پاکستان کے ایک ایسے ہیرو کے اعزاز میں رکھی گئی ہے جن پر ہم سب کو فخر ہے۔ بلاشبہ قمر منہاس کی خدمات دنیا بھر میں پاکستان کی جانب سے امن، محبت اور دوستی کا پیغام ہے۔ حکومت پاکستان اور پوری قوم کی جانب سے ہم انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر نے کہا کہ "وہ قمر زمان منہاس کے ساتھ ساتھ زمرد خان کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتے ہیں، قمر زمان منہاس ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ مہمان خصوصی پاکستان نژاد قمر زمان منہاس نے کہا کہ وہ آج بے حد خوش ہیں کہ ان کے ملک میں ان کی اس کامیابی پر بے پناہ پذیرائی اور عزت افزائی کی گئی۔ اپنے ملک سے محبت کا حقیقی جذبہ وہ لوگ ہی اصل میں سمجھ سکتے ہیں جو بیرون ملک میں اپنے وطن اور اس کے لوگوں کو یاد کرتے ہوں۔ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز اس سے بڑھ کر اور کیا ہوسکتا ہے کہ میری وجہ سے دنیا بھر میں میرا سبز ہلالی پرچم بلند ہوا۔ اختتام پر انہیں وزیراعظم کے مشیر قمرالزمان کائرہ، معاون خصوصی سردار سلیم حیدر اور زمرد خان (ہلال امتیاز) کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی اور نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا گیا۔

 زمرد خان 

ای پیپر-دی نیشن