وفاقی حکومت کی نااہلی سے ملز مالکان کو چینی درآمد کرنے کی اجازت نہیں ملی: سرفراز چیمہ
لاہور (نیوز رپورٹر) مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے گنے کی کرشنگ کے لئے شوگر ملوں کو 25 نومبر تک چلانے کا حکم دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا ڈپٹی کمشنرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملیں 25 نومبر تک چل جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو مل 25 نومبر کو نہیں چلے گی اس کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پنجاب حکومت نے پیداواری لاگت میں اضافے کیپیش نظر گنے کی امدادی قیمت 300 روپے فی من مقرر کی ہے۔ مشیر داخلہ و اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے مل مالکان کو چینی ایکسپورٹ کرنے کی ابھی تک اجازت نہیں ملی۔ وفاقی حکومت کی نالائقی کی وجہ سے معیشت اور زراعت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔