فیصل آباد، سیالکوٹ: گھریلو حالات، بیماری سے دلبرداشتہ 2 افراد کی خود کشی
فیصل آباد؍ سیالکوٹ (نمائندگان خصوصی+ نامہ نگار) حالات اور بیماری سے دلبرداشتہ شخص نے خودکشی کر لی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ غلام آباد کے علاقہ صدر بازار کا رہائشی ساٹھ سالہ غلام غوث ولد کرم دین عرصہ دراز سے بے روزگار اور بیماری میں مبتلا تھا جس کے نتیجے میں گھر کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ تھے اور گزر بسر بمشکل ہوتی تھی، انہیں حالات سے دلبرداشتہ ہو کر غلام غوث نے گھر میں پڑا تیزاب پی لیا۔ جبکہ جھنگ روڈ ائیر پورٹ چوک اضافی آبادی کے رہائشی بیس سالہ قاسم مسیح ولد سلیم مسیح نے گھر والوں سے جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں، متاثرہ نوجوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب سیالکوٹ میں 19 سالہ لڑکے نے سر میں گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ بوگڑھا میں شاہد کے 19 سالہ بیٹے نے نامعلوم وجوہات کی وجہ سے اپنے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔