• news

کراچی: پولیس اہلکار کے قاتل کی گرفتاری کیلئے انٹر پول‘ سویڈن سے رابطے کا فیصلہ


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پولیس حکام نے ڈیفنس میں قتل ہونے والے اہلکار کے قاتل کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور سویڈن سے رابطے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ  عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے، انٹرپول اور سویڈش ایمبیسی سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے ملزم خرم نثار کے ڈرائیور اور برادرنسبتی کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کر لیا ہے۔ پیرکی شب کلفٹن تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز5 میں کار سوار سابق ڈپٹی کمشنر نثار احمد کے بیٹے خرم نثار نے فائرنگ کر کے شاہین فورس کے اہلکارعبدالرحمان کو قتل کر کے موقع اور بعدازاں ملک سے فرار ہوگیا تھا۔ تفتیشی حکام کے مطابق پولیس نے ایف آئی اے امیگریشن کو ملزم کی تفصیلات صبح ساڑھے 4 بجے فراہم کیں اور ملزم خرم نثار نے ائرپورٹ سے بورڈنگ 4 بجکر 11 منٹ پر کرا لی تھی‘ ملزم ترکش ائیرلائن کی جس پرواز سے فرار ہوا وہ ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار تھی اور ملزم اس دوران ائرپورٹ پر ہی موجود تھا۔ حکام نے تمام معلومات مل جانے کے باوجود کارروائی نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن