آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے کیمپوں کا بھا رتی دعوی بے بنیا د : پاک فوج
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بھارتی فوج کے آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچنگ پیڈ کے دعوٰی کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اعلی بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد، آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کیمپوں کا دعوٰی من گھڑت ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پراپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔ بھارتی فوج بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گھڑتی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے، جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، بھارتی افسر کے بلند بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔