سمری پر دستخط سے پہلے صدر ، عمران ملاقات، اہم تقرری کا خیر مقدم کرتے ہیں : پی ٹی آئی
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے اپنا باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ فوج کے نئے سربراہ کی تقرری کے ضمن میں صدر مملکت کا اعلامیہ سامنے آ چکا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے، ہم ملک کی سلامتی اور اداروں کے استحکام کیلئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ گزشتہ آٹھ ماہ کے واقعات نے واضح طور پر ملک میں تفریق پیدا کی۔ ان آٹھ ماہ میں جو اقدامات اٹھائے گئے ان سے ملک اور اداروں کو شدید نقصان پہنچا۔ سب سے بڑے لیڈر عمران خان کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کے نتیجے ملک بدترین سیاسی عدم استحکام کا شکار ہو گیا۔ ملک میں شدید معاشی بحران کو جنم دیا۔ فوج کی نئی قیادت سے ہماری توقع ہے کہ وہ ملک میں آئینی حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ عوام کو نئے انتخابات کے ذریعے ملک کی نئی قیادت چننے کے حق کو تسلیم کیا جائے گا۔ اعلامیہ تحریک انصاف میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری بحران کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔ جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر جنرل ساحر شمشاد اور چیف آف آرمی سٹاف مقرر ہونے پر جنرل عاصم منیر کیلئے تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔ صدر نے عمران خان کو بھجوائی گئی اہم تقرریوں کی سمری پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق سمری دیکھیں، ہم نے آئین و قانون کی پاسداری کرنی ہے، ہماری کسی ادارے سے جنگ نہیں۔ عمران خان نے 26 نومبر راولپنڈی کال کے حوالے سے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چاہتا ہوں سب راولپنڈی حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کریں۔ میں اس حالت میں آپ کیلئے آ رہا ہوں‘ آپ ہفتے کو میرے لئے پنڈی پہنچیں۔ جہاں انصاف ہو وہاں حقوق ہوتے ہیں۔ حقوق ہی سے آزاد قوم پیدا ہوتی ہے۔ ہمیشہ آزاد قوم ہی خوشحال ہوتی ہے۔ قوم آزاد ہونے تک چپ ہو کر نہ بیٹھے گی۔