سروس ٹربیونل نے سی سی پی او لاہور کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کر دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+آئی این پی) وفاقی سروس ٹربیونل نے سی سی پی او لاہور غلام ڈوگر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کر دیا۔ وفاقی سروس ٹربیونل نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی نظرثانی کی اپیل منظور کر لی اور غلام محمود ڈوگر کو سی سی پی او لاہور کے عہدے پر بحال کرنے کا سنگل بنچ کا حکم معطل کر دیا۔ قائم مقام چیئرمین ٹربیونل رانا زاہد اور ممبر جاوید غنی پر مشتمل بنچ نے حکم جاری کیا۔ وفاقی سروس ٹربیونل نے نظرثانی اپیل پر غلام محمود ڈوگر کو5 دسمبر کیلئے نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ ٹربیونل کے سنگل بنچ نے غلام محمود ڈوگر کو 10 نومبر سی سی پی او لاہور کے عہدے پر بحال کیا تھا۔ غلام محمود ڈوگر عمران خان حملہ کیس کی جے آئی ٹی کے بھی سربراہ تھے۔ ان کی دوبارہ معطلی کے بعد جے آئی ٹی کی تحقیقات بھی متاثر ہوئیں جبکہ پنجاب حکومت نے دانستہ طور پر متنازع پولیس افسر کو جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔