• news

عا صم منیر حا فظ قرآن ، کئی اعزازات کے حا مل پہلے آرمی چیف 


راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سینئر ترین تھری سٹار آفیسر ہیں جو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل نہیں ہیں۔ انہوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول منگلا سے تربیت مکمل کر کے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔ دوران تربیت انہیں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔ تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ جنرل عاصم منیر سب سے سینئر لیفٹیننٹ جنرل ہیں، ستمبر 2018 میں انہیں دو سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی لیکن دو ماہ بعد چارج سنبھالا۔ جنرل عاصم منیر جو حافظ قرآن بھی ہیں، ان کی اسائنمنٹس کا جائزہ لیا جائے تو وہ مضبوط پروفائل کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔ عاصم منیر منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول پروگرام کے ذریعے سروس میں شامل ہوئے اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ اس وقت سے موجودہ چیف آف آرمی سٹاف کے قریبی ساتھی رہے ہیں جب سے انہوں نے جنرل باجوہ کے ماتحت بریگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوجیوں کی کمان سنبھالی تھی جہاں اس وقت جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈر ایکس کور تھے۔ جنرل عاصم منیر 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا خدمات انجام دینے کے بعد 2017ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اکتوبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہیں ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا، جہاں کچھ عرصہ خدمات کی انجام دہی کے بعد انہیں جون 2019ء  میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔ جنرل عاصم اکتوبر 2021ء  سے جی ایچ کیو میں بطور کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر منتقلی سے قبل انہیں گوجرانوالہ کور کمانڈر کے طور پر تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ اس عہدے پر دو سال تک فائز رہے تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر نے ہلالِ امتیاز بھی حاصل کر رکھا ہے۔ عام طور پر آرمی چیف لانگ کورس سے آنے والے جنرل بنتے ہیں، مگر جنرل عاصم منیر لانگ کورس سے نہیں بلکہ او ٹی ایس سے آئے ہیں۔ لانگ کورس سے مراد پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقد ہونے والے دو سالہ کورس ہے جس سے تربیت پا کر پاکستانی فوج کے افسران فوج کا حصہ بنتے ہیں۔ یہ لانگ کورس ایبٹ آباد کی کاکول اکیڈمی میں ہوتا ہے۔ مقابلے پر ایک اور ادارہ او ٹی ایس یا آفیسرز ٹریننگ سکول کہلاتا ہے جو پہلے کوہاٹ میں ہوا کرتا تھا بعد میں منگلا منتقل ہو گیا۔ جنرل عاصم منیر  منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول سے پاس آؤٹ ہوئے جس کے بعد انہوں نے فوج میں فرنٹئیر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔  دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق جنرل ضیاء الحق کے دور میں او ٹی ایس سے پاس آؤٹ ہونے والے جنرل عارف بھی فور سٹار جنرل بنے تھے لیکن آرمی چیف نہیں۔ جنرل عاصم منیر پاکستان کے وہ واحد آرمی چیف ہوں گے جو چیف بننے سے قبل دو مختلف انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ رہے ہیں۔ جنرل عاصم منیر وہ پہلے آرمی چیف ہوں گے جو کوارٹر ماسٹر کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔پاک فوج کے نئے سربراہ جنرل عاصم منیر نے بطور لیفٹیننٹ کرنل مدینہ منورہ میں تعیناتی کے دوران 38 سال کی عمر میں قرآن پاک حفظ کیا۔ جنرل عاصم منیر، سید زادے ہیں اور سید سرور منیر شاہ کے صاحب زادے ہیں۔ سید عاصم منیر شاہ ڈھیری حسن آباد راولپنڈی کینٹ کے رہائشی تھے۔

ای پیپر-دی نیشن