پاکستان کیساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانا چاہتے ہیں: امریکہ
لاہور(کامرس رپورٹر ) ورلڈ ٹریڈ سنٹر یوٹاہ، امریکہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مائلز ہینسن نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) اور چن ون چین آف اسٹورز کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کہی۔ ڈبلیو ٹی سی یوٹاہ خوشحالی کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے لیے مل کر کام کر رہا ہے، جو کہ عالمی روابط اور مربوط تجارت و سرمایہ کاری کی خدمات کے بین الاقوامی ماحولیاتی نظام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ٹی سی یوٹاہ کو عالمی سطح پر مسابقت اور کامیابی کے لیے درکار مہارت اور خدمات تک براہ راست رسائی حاصل ہے۔ ہمارا مشن اپنے عالمی نیٹ ورکس، پروگراموں اور خدمات کے ذریعے ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ متنوع شعبوں میں بہتر تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع کے منتظر ہیں۔ پاکستان فرنیچر کونسل اور چن ون انٹیریئرز کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں کیونکہ امریکہ پاکستانی برآمدات کی بڑی مارکیٹ اور کئی دہائیوں سے اہم تجارتی شراکت دار ہے۔
انہوں نے انٹیریئرز، ملبوسات اور عالمی معیار کی ہاتھ سے تیار فرنیچر مصنوعات کے میدان میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے وفد کو ان پاکستانی مصنوعات کے بارے میں بریفنگ دی جو امریکہ کو برآمد کی جا سکتی ہیں جو کہ معیار کے لحاظ سے بہترین اور عالمی سطح پر دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ سستی ہیں۔