پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز میچ آفیشلز کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کےلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیاگیا،مجموعی طور پر 7امپائرز پر مشتمل آفیشلز کا پینل ترتیب دیاگیاہے جس میں احسن رضا، آصف یعقوب اور راشد ریاض بھی میچ آفیشلز کا حصہ ہیں۔پاکستان کرکٹبورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں جوئل ولسن جو کہ آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے 11 ارکان میں سے ایک ہیں، احسن رضا کو آن فیلڈ امپائر کے طور پر جوائن کریں گے جبکہ ماریس ایراسمس تھرڈ اور آصف یعقوب فوتھ امپائرز کے فرائض نبھائیں گے۔آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے دیگر دو امپائرز ماریس ایراسمس اور علیم ڈار ملتان میں آن فیلڈ ڈیوٹی سنبھالیں گے جن کے ساتھ جوئل ولسن اور راشد ریاض تیسرے اور چوتھے امپائر کے فرائض سرانجام دیں گے۔کراچی میں تیسرے اور آخری ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ کنٹرول ٹیم پہلے ٹیسٹ جیسا ہی ہوگا جس میں جوئل ولسن اور احسن رضا آن فیلڈ امپائرز جبکہ ماریس ایراسمس اور آصف یعقوب تیسرے اور چوتھے امپائر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے شیڈول تینوں ٹیسٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داری اینڈی پائی کرافٹ کے سپرد ہوگی۔واضح رہے کہ سال 2005ءکے بعد قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کی میزبانی کررہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان سیریز پہلا میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائےگا۔ذرائع کے مطابق سابق انگلش کپتان مائیکل اتھرٹن ‘ناصر حسین اور ڈیوڈ گاور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران کمنٹری کرینگے ۔ ٹیسٹ سیریز کیلئے راولپنڈی سٹیڈیم میں تیاریاں جاری ہیں ۔ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کےساتھ ساتھ صفائی ستھرائی کا م بھی جاری ہے ۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیام لیونگسٹن فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے۔آل راﺅنڈر ٹخنے کی انجری سے مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے ، وہ اگست میں ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔لیام لیونگسٹن پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ لیام لیونگسٹن نے کہا کہ میں سو فیصد فٹ نہیں ہوں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے دوران بھی میں مکمل فٹ نہیں تھا، ایونٹ جیتنے کے بعد تمام کوششوں اور محنت کا پھل مل گیا۔ سخت محنت کی اور والدین کو گولڈ میڈل کےساتھ واپس جانے کا موقع دیا، میں پر امید ہوں کہ راولپنڈی ٹیسٹ سے قبل مکمل فٹ ہو جاﺅں گا۔