توشہ خانہ‘ وزیر آباد واقعہ کے بعد عمران کی مقبولیت کم ہوئی: احسن اقبال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات، پروفیسر احسن اقبال نے اعلیٰ تعلیم میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں مثبت اقدام کر رہی ہے۔ بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے لیے جن میں 20 پسماندہ اضلاع کا جامع منصوبے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ میں منعقدہ پاکستان سوسائٹی آف ڈویلپمنٹ اکانومسٹ کی 36ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا انعقاد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس نے کیا تھا۔کانفرنس کا موضوع تھا "چارٹر آف اکانومی: سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، اور روزگاری تھا، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے غریب اضلاع کے لیے 40 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی اقدام شروع کیا ہے جسمیں بلوچستان کے 11 اضلاع میں شیرانی، کوہلو، جھل مگسی، بارکھان، قلعہ عبداللہ، ژوب، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، زیارت اور قلعہ سیف اللہ شامل ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے۔ سیلاب متاثرین اضلاع کی بحالی کیلئے کم از کم 8 ماہ درکار ہیں۔ مارچ اپریل میں نئی مردم شماری کے نتائج آ جائیں گے۔ توشہ خانہ اور وزیر آباد واقعے کے بعد عمران خان کی مقبولیت کم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی مکمل طور پر آئین اور قانون کے مطابق کی گئی ہے۔