قومی اسمبلی:نئی فوجی تعیناتیوں سے ملک میں استحکام آئے گا،ارکان 3، بل منظور
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی اسمبلی میں ارکان نے پاک فوج کی نئی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔ ارکان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاک فوج میں اعلیٰ سطح کی تعیناتیوں کا عمل مکمل ہو نے سے ملک میں استحکام آئے گا۔ مصدق ملک نے ایوان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ روس کے ساتھ تیل اور گیس کی درآمد کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، روس کو مراسلہ لکھا ہے، روسی حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب میں بتایا کہ اسلام آباد بجلی پیدا کرنے کے 42منصوبوں پر بائیس ملین امریکی ڈالر سے زائد غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، ٹرانسمیشن لائن پروجیکٹ پر 1.65بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جامشورو میں بجلی منصوبے پر 688ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ گزشتہ دس سالوں میں سولر اور ونڈ پروجیکشن پر 1.604بلین امریکی ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ محسن نواز رانجھا نے سوال کیا کہ سابق چیئرمین نیب نے 2013سے 2022 کے درمیان پی ٹی آئی ارکان کابینہ اور ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی کے خلاف جن کیسز کی انکوائری اور تحقیقات بند کی گئیں انکی تفصیلات اور وجوہات کیا ہیں۔ وزیر قانون سردار ایازصادق نے سابق چیئرمین نیب کے فراہم کردہ جواب کو غیر اطمینان بخش قرار دے دیا۔ وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے تحریری جواب میں بتایا کہ کسی ملک کی جانب سے پاکستان کو رعایتی نرخوں پر تیل فراہم نہیں کیا گیا، نومبر 2021 سے معاہدے کے تحت سعودی عرب سے ادھار پر خام تیل خریدا جارہا ہے، مارچ 2022سے خام تیل کی درآمدات کا آغاز کیا گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں وزراء کی حاضری کو یقینی بنایا جائے، ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی سے سوالات کے جواب نہیں ملتے۔ ڈپٹی سپیکرنے وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی کو وزراء کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جواب دینے کیلئے پارلیمانی سیکرٹری تو موجود ہیں لیکن وزراء کی موجودگی ضروری ہے سب کو بتا دیں۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ آج عاصم منیر کو آرمی چیف تعینات کیا گیا ہے، امید ہے وہ اچھا کام کرینگے۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے بتایا کہ بھنگ پالیسی پچھلی حکومت کی تھی، یہ حکومت اس کو جاری نہیں رکھنا چاہتی، اس حکومت کا بھنگ پالیسی کو جاری رکھنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے ایوان کو بتایا کہ سیلاب نے بلوچستان کو ریلوے نیٹ ورک سے الگ کیا تھا، اب مچھ تک ٹرین چلا دی ہے، باقی جگہوں پر کام ہورہا ہے۔ جنوری تک کوئٹہ سے لنک بحال ہوجائے گا۔ قومی اسمبلی نے لیگل پریکٹیشنرز و بار کونسلز ترمیمی بل 2021 کی منظوری دے دی۔ بل رکن اسمبلی محسن داوڑ نے پیش کیا۔ اجلاس میںبین الاقوامی ادارہ برائے ٹیکنالوجی، ثقافت و علوم صحت بل 2022 بھی منظور کر لیا گیا۔ بل رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل نے پیش کیا۔ اجلاس نے سماعت سے محروم افراد کی میڈیا تک رسائی بل 2022 کی بھی منظوری دی۔ یہ بل رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے پیش کیا۔ عالیہ کامران نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کے 75فیصد حصوں میں بارش کا پانی ٹپکا ہے، پانی بنیادوں تک جارہا ہے، پانی کی وجہ سے عمارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ مولانا اکبر چترالی نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف نے گزشتہ روز بیان دیا کہ فوج سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی، یہ سیاست دانوں کا امتحان ہے۔ عامر جیوا نے قومی اسمبلی اجلاس میں نو منتخب آرمی چیف کا نام غلط لیا۔ کہا کہ نئے آرمی چیف ساحر منیر کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس آج بروز جمعہ دن 11بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔