• news

گرفتاری سے 10روز پہلے آگاہ کرنے کا حکم خلاف قانون:سپریم کورٹ


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت کے مقدمے میں گرفتاری سے قبل دس روز پہلے آگاہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ گرفتاری سے قبل ملزم کو آگاہ کرنے کی قانون میں کوئی شرط موجود نہیں ہے۔ حمزہ شہباز کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے آغاز پر جسٹس اعجازالاحسن نے حمزہ شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ نیب کا کہنا ہے کہ اس کیس کو مثال نہ بنایا جائے اس لئے ہائیکورٹ کی آبزرویشنز کو ختم کیا جائے۔ جس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میرٹس پر تو کیس غیر موثر ہو چکا ہے، اس لئے گرفتاری کے حوالے سے دی گئی عدالتی آبزرویشنز ختم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ نیب کی جانب سے گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم خلاف قانون ہے۔ قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں اس لئے ہائیکورٹ کے حکم کو اس حد تک کالعدم قرار دے رہے ہیں۔ تاکہ حمزہ شہباز کو گرفتاری سے 10 دن قبل آگاہ کرنے کا حکم عدالتی نظیر کے طور پر استعمال نا کیا جائے۔ عدالت عظمیٰ نے لاہور ہائیکورٹ کا حکم میرٹس پر غیر موثر ہونے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن