عمران اور مارچ کے شرکاء کا تحفظ یقینی بنائیں گے : پرویزالٰہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور حقیقی آزادی مارچ کے تیسرے مرحلے کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء کو فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل ہیں۔ راولپنڈی میں عمران خان اور مارچ کے شرکاء کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ فول پروف سکیورٹی پلان پر عملدر آمد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور عمران خان نے قوم کو خود داری اور عزت سے جینے کا راستہ دکھایا ہے۔ عمران خان نے پاکستانی قوم کو حقیقی آزادی کا پیغام دیا ہے۔ ن لیگ دن بدن نیچے جا رہی‘ پہلے بھی بڑے دعوے ہوئے مگر مخالفین کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ کو جہلم کے دورہ کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی فرصت میں جہلم آؤں گا اور عوامی فلاح کے منصوبے کا اعلان کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی سٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اپنے تہنیتی پیغام میں لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اورکہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا انتہائی قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل آفیسرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ اب بند ہو جانا چاہئے۔ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد ایک مجرمانہ فعل ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد اور جبر ناقابل برداشت ہے۔ معاشرے میں خواتین پر تشدد کے رجحان کو روکنا ہمارا فرض ہے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام نے خواتین کو مساوی حقوق دیئے۔ خواتین کے حقوق کے بارے میں قرآن پاک کی ’’سورۃ النسائ‘‘ میں واضح احکامات ہیں۔ خواتین کو تحفظ، تعلیم، کام اور انتخاب کی آزادی کا حق دیا گیا۔ نبی پاکﷺ نے خواتین کی حرمت اور ان کے حقوق پر زور دیا۔ نبی پاکؐ نے ہر رشتے کی حیثیت سے خواتین سے انتہائی اعلیٰ درجے کا مثالی سلوک روا رکھا۔ پرویزالٰہی نے معروف اداکار اسماعیل تارا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسماعیل تارا مرحوم کا مقبول ترین ٹی وی ڈرامہ ففٹی ففٹی آج بھی پرستاروں کو یاد ہے۔ اسماعیل تارا نے منفرد اداکاری سے ففٹی ففٹی کو امر کیا۔ پاکستانی کامیڈی کی تاریخ اسماعیل تارا کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتی۔ وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن صوبائی اسمبلی چودھری ظہیرالدین نے ملاقات کی جس میں حلقے کے مسائل، ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔