بھارت کی آزاد کشمیر پر شب خون مارنے کی منصوبہ بندی
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے بھارتی فوج کے آزاد کشمیر میں لانچنگ پیڈ کے دعویٰ کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لئے پُرعزم ہے اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اعلیٰ بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد اور آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشت گردوں کے لانچنگ پیڈ کیمپوں کا دعویٰ من گھڑت ہے۔ ان کے بقول یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پراپیگنڈہ سوچ کا مظہر ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ بھارتی فوج بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حق خودارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے اور اپنی ان کارروائیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گھڑتی ہے۔ یہ حقیقت تو اب پوری دنیا پر اظہر من الشمس ہو چکی ہے کہ بھارت اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت اپنے پانچ اگست 2019ء کے اقدام کے ذریعے اپنے غیر قانونی زیر تسلط کشمیر کو جبراً بھارتی سٹیٹ یونین کا حصہ بنا کر اور جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کا عرصۂ حیات تنگ کر کے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرات پیدا کر چکا ہے اس لئے یو این سلامتی کونسل، یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ سمیت تمام علاقائی اور عالمی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے اس بھارتی اقدام کی مذمت کی گئی اور مقبوضہ وادی کی پانچ اگست 2019ء سے پہلے کی آئینی حیثیت بحال کرنے کا تقاضہ کیا گیا۔ مگر بھارت کی ہندو انتہاء پسند مودی سرکار اس عالمی احتجاج پر ٹس سے مس نہیں ہوئی اور اس کے برعکس بھارت کی سول اور فوجی قیادتوں کی جانب سے پاکستان کی سلامتی کے خلاف گیدڑ بھبکیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ مودی سرکار اب آزاد کشمیر اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات پر بھی شبِ خون مارنے کی مذموم منصوبہ بندی کئے بیٹھی ہے جس کے لئے وہ بہانے تلاش کر رہی ہے۔ اس سے قبل بھارت نے فروری 2019ء میں بھی پلوامہ میں بھارتی فوجی قافلے پر ہونے والی دہشت گردی کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر اسے اندر گُھس کر مارنے کی گیدڑ بھبکیاں لگانا شروع کر دیں اور 26 ،27 فروری کو اپنے جنگی جہاز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل بھی کر دئیے جن میں سے دو جنگی جہاز پاک فضائیہ کے مستعد و مشاق دستے نے فضا میں ہی اچک کر مار گرائے اور ایک پائیلٹ ابھی نندن کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ بھارت کو اس سے ہی اندازہ ہو جانا چاہیے تھا کہ پاک فوج دفاع وطن کی استعداد اور صلاحیتوں سے مالا مال ہے جو بھارتی جارحانہ عزائم اور اس کی کسی بھی جارحیت کا فوری منہ توڑ جواب دے گی۔ آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے کیمپوں کی موجودگی کی حالیہ بھارتی الزام تراشی بھی بادی النظر میں آزاد کشمیر پر شب خون مارنے کی تیاریوں کا ہی واضح عندیہ ہے مگر اس کی ایسی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکے گی البتہ وہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے ضرور مزید خطرات پیدا کرنے گا اس لئے عالمی قیادتوں اور نمائندہ عالمی اداروں کو بھارتی جنونی ہاتھ روکنے کی ضرور پیش بندی کرنی چاہیے۔