ملکی معیشت ، عوام کی خوشحالی سود ی نظام کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں:ذکر اللہ مجاہد
لاہور (خصوصی رپورٹر)سود ی نظام کے خلاف سراج الحق کی اپیل پر منصورہ جماعت اسلامی غربی لاہور کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت میاں ذکر اللہ مجاہد، عبدالعزیز عابد اور حافظ ذوالنون نے کی۔ مظاہرے میں صہیب شریف، اویس وٹو، معاذ بھٹی، زاہد چشتی، انجینئر طلحہ عزیز،محمد اقبال آزاد، طیب صدیقی، قاری وقار سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی اور سودی نظام کے خلاف نعرے بازی کی۔ ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے اور غیر سودی نظام کو فروغ دیا جائے۔
ملکی معیشت اور عوام کی خوشحالی سود ی نظام کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے اور حکومتی بیانات کے باوجود سودی نظام کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات نہ کرنا حکومتی بدنیتی ہے۔ عبدالعزیز عابد نے کہا ہے کہ سود اللہ اوراس کے رسول کے ساتھ کھلی جنگ ہے۔ سود معاشرے میں امن اور سلامتی کے بجائے بگاڑ پیدا کر رہا ہے۔سود کے نظام کی وجہ سے ملک میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا چلا رہاہے۔