اسحاق ڈار سے ملاقات‘ چین پاکستان کے ساتھ ہے: نونگ رونگ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر خزانہ اور چینی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف اقتصادی شعبوں میں تاریخی اور مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو درپیش سیلاب کے اثرات کے بارے میں بتایا جس نے بنیادی ڈھانچے، زراعت، زندگی اور املاک کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے۔ چین کے سفیر نے کہا کہ چین اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں چینی منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی کیلئے ویلیوایڈڈ مصنوعات میں اضافہ ضروری ہے، حکومت ملک میں کاروبار کے فروغ اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات‘ قومی صحت کارڈ/ صحت سہولت پروگرام کے بارے میں وزیراعظم کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے ملک کی اقتصادی ترقی میں سیالکوٹ چیمبرکے کردار کو سراہا۔ انہوں نے چیمبر پر زور دیا کہ وہ پائیدار اقتصادی ترقی اور نمو کیلئے مصنوعات کی ویلیوایڈیشن پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ اسحاق دار نے ٹویٹ میں کہا کہ بلومبرگ نے پاکستان کے ایک سال میں ڈیفالٹ ہونے کے امکانات کو دس فی صد کی کی کم ترین سطح پر بتایا ہے جو کہ کچھ دن پہلے ایک مقامی سیاسی رہنما کی جانب سے پھیلائی جانے والی 93 فی صد کی مشکوک شرح کے بالکل برعکس ہے۔ پاکستان انشاء اللہ وقت پر اپنے تمام مالیاتی وعدوں کی پاسداری جاری رکھے گا۔