حکومت صوبے کیلئے رعایتی گیس ٹیرف کا اعلان کرے: وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کیلئے سوئی گیس کا رعایتی ٹیرف متعارف کرایا اور گیس کا مختص کوٹہ بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک 1955ء سے سوئی گیس فیلڈ سے مستفید ہو رہا ہے۔ گیس کا دو تہائی حصہ سوئی ناردرن کو دیا جاتا ہے۔ سوئی سدرن کیلئے صرف ایک تہائی گیس مختص کی جاتی ہے۔ ایس ایس جی سی بلوچستان میں 3 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم محمد شہبازشریف کو مراسلہ ارسال کر دیا جس میں انہوں نے بلوچستان کی احساس محرومی کو ختم کرنے اور دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے وفاقی حکومت کے عزم کو سراہا ہے۔ مراسلے میں عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سوئی فیلڈ سے گیس کی کم قیمت کے نتیجے میں گیس کی وزنی اوسط لاگت میں کمی آئی ہے۔ وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن بلوچستان کیلئے خصوصی گیس ٹیرف متعارف کرائے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کیلئے صرف ایک تہائی گیس مختص کی جاتی ہے جس کو بڑھانا ضروری ہے تاکہ مقامی افراد کی احساس محرومی کو دور کیا جائے۔