آزادی مارچ‘ لاہور سے بڑے قافلے کی روانگی آج ہوگی: مسرت چیمہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے آزادی مارچ کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی مارچ کے فائنل مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر صوبوں سے قافلوں کی صورت میں پاکستانی عوام راولپنڈی کا رخ کر رہے ہیں۔ آج لاہور، ساہیوال اور جنوبی پنجاب سے بھی قافلے اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔ لاہور سے بڑے قافلے کی روانگی آج 26 نومبر کو صبح 7 بجے ہوگی۔ تحریک میں ہم خواتین اپنے لیڈر عمران خان کے قافلے میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں گی۔ راولپنڈی فیض آباد میں عوام کا جم غفیر اپنے قائد کا شاندار استقبال کرے گا اور یہ پاکستان کی تاریخ کا بے مثال پرامن سیاسی اجتماع ہوگا۔