• news

روس کیخلاف پابندیوں کا 9واں پیکج تیار کر رہے ہیں:یورپی یونین کمشن


کیف‘ ہیلنسکی (اے پی پی) روس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے میں یوکرائن کے 50  فوجیوں کو رہا کر دیا گیا۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرینی صدر کے دفتر کے سربراہ آندری یرماک  نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ روس کے ساتھ  قیدیوں کے تازہ ترین تبادلے کے بعد50 یوکرینی فوجی وطن واپس آ گئے  ہیں جن میں 2 افسران  اور  48 سارجنٹس اور سپاہی  شامل ہیں۔انہوں نے  کہا کہ رہا کیے گئے زیادہ تر فوجیوں نے یوکرائن کی بحری افواج، نیشنل گارڈ اور مسلح افواج میں خدمات انجام دیں۔ انہوں  نے اس معاہدے کے تحت یوکرائن کی طرف سے  رہا کیے گئے روسی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔انہوں  نے  بتایا کہ  مزید یوکرینی فوجیوں کو روسی قید سے آزاد کرانے کی کوششیں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں یورپی یونین کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لئین نے کہا ہے کہ ہم روس کے خلاف پابند یوں کا 9 واں  پیکیج تیار کر رہے ہیں۔ترک خبر رساں ادارے کے  مطابق انہوں  نے  یہ بات دورہ فن لینڈ کے دوران فن لینڈ کی وزیر اعظم سانا مارین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہی ۔ انہوں نے مزید کہاکہ یوکرینی عوام روسی حملوں کی وجہ   سے موسم سرما کو بجلی کے بغیر گزارنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں  نے کہاکہ میں ان ظالمانہ حملوں کی شدت سے مذمت کرتی ہوں،  یہ سب جنگی جرائم ہیں۔ یورپی یونین کمیشن کی سربراہ ارسلا وان ڈیر لئین نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ بہت جلد ہم، جی۔7 اور دیگر بڑے اتحادیوں  کے ساتھ مل کر روسی پیٹرول کے لئے عالمی سطح پر بلند ترین قیمتوں کی منظوری  دے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن