• news

ملک کا بحران سیاسی ہے ، ہمارے حقوق  سلب نہ کئے جائیں‘فواد چوہدری 


لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کا بحران سیاسی ہے ، سیاسی طورپر جو ہمارے حقوق ہیں اسے سلب نہ کیا جائے،ہم نے انتخابات کیلئے آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا ،اس میں روڑے نہ اٹکائے جائیں،گزشتہ سات آٹھ ماہ سے جو ہمارے ساتھ کیا گیا ہے یہ رویہ اب ترک کرنا چاہیے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا بحران سیاسی ہے۔ اہم تعیناتی سے متعلق تو کوئی بحران نہیں تھا کیونکہ یہ تعیناتی قانون کے مطابق ہوتی ہے، ہم مطالبات کرتے ہیں کہ جو ہمارا سیاسی حق ہے اسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ملک میں بحران بڑھتے جا رہے ہیں اور موجودہ کابینہ بیرون ملک دورے کر رہی ہے۔ اس حکومت کی کوئی پالیسی اور پلان نہیں۔ یہ ملک نہیں چلا رہے ان کا کام صرف عمران خان پر تنقید کرنا ہوتی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ کوئی خاص ادارہ الیکشن کا اعلان کرے۔ ہم نے آئینی وقانونی راستہ اختیار کیا ہے اس میں روڑے نہ اٹکائے جائیں اور سیاسی طورپر جو ہمارے حقوق ہیں اسے سلب نہ کیا جائے۔ گزشتہ سات آٹھ ماہ سے جو ہمارے ساتھ کیا گیا ہے یہ رویہ اب ترک کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں واپس نہ جانے کی بنیاد پر ضمنی الیکشن لڑے اور کامیاب ہوئے۔ ہمارے ووٹرز سمجھتے ہیں کہ ہمیں اس حکومت کے ہوتے اسمبلی میں نہیں جانا چاہیے۔ 8،9 ماہ اسمبلی سے باہر رہے اب اسمبلی میں جانے کا جواز نہیں ہے تاہم الیکشن کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے اس کے بعد اسمبلی میں جائیں تو وہ الگ بات ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کا معاملہ عمران خان کے خوف کی وجہ سے رکا ہوا ہے۔ پی ڈی ایم کو خوف ہے الیکشن کرائے گئے تو پی ٹی آئی جیت جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن