نئے سپہ سالار کی تعیناتی ملکی اتحاد و وحدت کا عظیم ذریعہ بنے گی‘ عبدالخبیر آزاد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادنے جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان کا عظیم ادارہ پاکستان کے تحفظ اور بقاءکا ضامن ہے اور پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر اور ناز ہے، پاکستان کیلئے افواج پاکستان کی بے پناہ قربانیوں نے پاکستان کے امن اور استحکام کو مضبوط بنایا ہے۔ پاکستان میں نئے سپہ سالار کی تعیناتی ملک کو اتحاد و وحدت کی طرف بڑھانے میں عظیم ذریعہ بنے گی،ہم جنرل ساحر شمشاد کا چیئرمین جوائنٹ چیفس کمیٹی بننے اور جنرل حافظ عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جو پاکستان کیلئے عظیم خدمات کو ملک کیلئے پیش کیا ان خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ملک جن چیلنجز سے گزر رہا ہے اس میں حکومت اور تمام جماعتوں کو چاہیے کہ ملک کے عظیم تر مفاد میں بیٹھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔
عبدالخبیر آزاد