چین:کرونا مریضوں کی تعداد میں31ہزار رکارڈ اضافہ،نئی پابندیاں عائد
بیجنگ ؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) چین کی کرونا کی نئی لہر میں مزید شدت آ گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھٹوں کے دوران کرونا مریضوں کی تعداد میں 31 ہزار سے زائد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ حکام نے متعدد نئی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں ہیلتھ کمشن نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کیسز کی تعداد 31 ہزار 444 ریکارڈ کی گئی اور یہ تعداد 13 اپریل کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے جب تجارتی مرکز شنھگائی میں دو ماہ کے لئے لاک ڈائون لگا دیا گیا تھا۔ دریں اثناء شنگھائی نے اعلان کیا کہ شہر میں آنے والے مسافروں کو پانچ دن تک ریستوران یا دکانوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ادھر جمعہ کو این آئی ایچ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24گھنٹوں کے دوران 6ہزار 953 کرونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 30 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں کرونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 0.43 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 43 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔