گارڈن ٹاﺅن‘ پولیس کانسٹیبل کا اغوا‘ 5 ملزموں کا کوٹھی میں لے جا کر تشدد
لاہور (نامہ نگار) گارڈن ٹاﺅن کے علاقے میں 5 افراد نے پولیس اہلکار کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ گارڈن ٹاﺅن کے علاقے میں پانچ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کانسٹیبل محمد حسنین کو اسلحہ کے زور پر اغوا کیا اور اسے ایک کوٹھی میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ کانسٹیبل کی مدعیت میں تھانہ گارڈن ٹاﺅن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق کانسٹیبل محمد حسنین ڈیوٹی سے فارغ ہوکر فیروز پور روڈ پر پیدل جا رہا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ لڑکوں نے اسے ٹکر مارکر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے کانسٹیبل سے ساڑھے چھبیس ہزار روپے چھین کر اسے اغوا کر کے فلیٹ میں لے گئے۔ ملزمان نے پولیس اہلکار کو ایک کمرے میں لے جا کر ہاتھ پاﺅں باندھ کر تشدد کا نشانہ بنا کر نیم برہنہ حالت میں ویڈیو بھی بنا لی جس کے بعد ملزمان کانسٹیبل محمد حسنین کو کھوکھر چوک میں نیم بے ہوشی کی حالت میں پھینک کر فرار ہو گئے ہیں۔ تھانہ گارڈن ٹاﺅن پولیس نے ملزمان کے خلاف ڈکیتی‘ اغوا سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کانسٹیبل، تشدد