فیروزوالہ، پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا
فیروزوالہ (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسرا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت کے مطابق موجودہ حالات کے تناظر میں آٹا، گھی، کھانے کے تیل، دالوں، دودھ، دہی، چینی، روٹی، نان، مٹن، بیف، چاول سمیت دیگر مختلف اشیاء خوردونوش کی قیمتوں بارے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اعتدال پر رکھنے اور حکومتی سبسڈی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ افسران کو جانفشانی سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانا اور طلب و رسد کے میکانزم پر نظر رکھتے ہوئے اشیائے ضروریہ کی عام مارکیٹ میں فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔