عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد پوری‘ عمران سیاسی موت مر چکے: جاوید لطیف
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پی کے میں تحریک عدم اعتماد کیلئے ہمارے پاس مطلوبہ تعداد پوری ہے یہی وجہ ہے کہ عمران خان نے ممکنہ تحریک اعتماد سے قبل ہی اسمبلیوں سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے جو انکی شکست کا واضح ثبوت ہے۔ سات ماہ کے اندر ملک کے اندر جو ہیجانی اور بے یقینی کی صورت حال پیدا کر کے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، اس کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ پاکستان کی 75سالہ تاریخ میں عمران خان واحد سیاستدان ہیں جنہوں نے یوٹرن لینے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ حقیقی آزادی کے نام پر ملکی ریاستی اداروں کو کمزور اور تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ عمران خان پہلے نیشنل اور اب انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا لاڈلا ہے، اگرچہ اداروں نے اپنے اندر مثبت تبدیلیاں لا کر سیاسی مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے مگر ابھی بھی عمران خان کے سہولت کار موجود ہیں۔ اسلام آباد میں لاکھوں لوگوں کو لانے کے تمام دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب شیخوپورہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خا ن صوبائی حکومتوں کے وسائل ریاست پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ اس پر قوم سلامتی کے اداروں کو نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ راولپنڈی کی جلسی سے ملک کے اندر کوئی انقلاب نہیں آسکتا یہ اپنی سیاسی موت آپ مر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی میں کوئی رکاوٹ نہ ہے، ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد انکی وطن واپسی کا اعلان ہو جائے گا جس کے بعد عمران خان کو پاکستان میں سیاست کرنا دور کی بات چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
جاوید لطیف