استعفوں کی دھمکی بلیک میلنگ کی آخری کوشش‘ حمزہ: آج اجلاس طلب
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کے جلسے اور اعلان پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کا ایک ایک بیانیہ جھوٹا ثابت ہوا۔ جبکہ ملک میں انتشار اور فساد کا بھی ہر منصوبہ بری طرح ناکام ہوا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جھرلو کے ذریعے اسمبلی کی حاصل کردہ نشستوں سے استعفوں کی دھمکی بلیک میلنگ کی آخری کوشش ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب نے عمران خان کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریر اعتراف شکست تھی اور ایک سیاسی بازی گر اپنی بچی کھچی ساکھ بچانے کی آخری کوشش کر رہا ہے۔ حمزہ شہباز نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جلسے میں ان کے پارٹی رہنماؤں نے انتہائی بازاری اور عامیانہ زبان استعمال کی۔ دریں اثناء حمزہ شہباز نے آج پارٹی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور ہو گا۔ وزیراعلیٰ کو گورنر کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنے سے متعلق بھی مشاورت ہو گی۔
حمزہ شہباز