زرداری نے اسلام آباد میں قیام بڑھا دیا، متحدہ وفد کی ملاقات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سابق صدر زرداری کے اسلام آباد قیام میں توسیع ہو گئی ہے، اور وہ اب رواں ہفتے کے آخر تک لاہور جانے یا نہ جانے کا فیصلہ کریں گے، ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کے بعد صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کیا۔ اعلان کے بعد حکمران اتحاد کے درمیان مشاورت کا عمل تیز ہو گیا ہے جس کا مقصد اسمبلیوں کو بچانے کی حکمت عملی، عدم اعتماد کے ذریعے تبدیلی کو ممکن بنانا ہے۔ زرداری کے اس حوالے سے رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ کل تک تو اسلام آباد میں موجود رہیں گے اور کسی حکمت عملی کے طے ہونے کے بعد ہی لاہور جائیں گے تاکہ اس پر عمل کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے وفد نے بھی زرداری سے ملاقات کی، ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔ پی پی پی کے رہنما بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ قومی حکومت میں ہم سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور یہی ہماری کامیابی ہے۔ کراچی کی سیاسی صورتحال اور آئندہ بلدیاتی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔