حنا ربانی آج کابل جائیں گی، سکیورٹی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کیلئے مذاکرات ہونگے
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر ایک روزہ دورہ پر آج کابل پہنچیں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون، علاقائی روابط، عوامی رابطوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر ماکرات ہونگے۔ وزیر مملکت افغانستان میں امن کو مضبوط بنانے اور خوشحالی کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور حمایت کا بھی اعادہ کریں گی۔ پاکستان دوست اور پڑوسی کے طور پر افغانستان میں انسانی بحران کو کم کرنے اور افغان مردوں، عورتوں اور بچوں کی معاشی خوشحالی کے حقیقی مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کے ذریعے افغانستان کے عوام کے ساتھ اپنی مستقل یکجہتی کا اعادہ کرے گا۔