ایگا ٹیکس پاکستان :بین الاقوامی گارمنٹس ، ٹیکسٹائل مشینری کی نمائش ، کانفرنس
لاہور(کامرس رپورٹر)ایگا ٹیکس پاکستان 13ویں بین الاقوامی گارمنٹس اور ٹیکسٹائل مشینری کی نمائش1 تا 4 دسمبرتک ایکسپو سینٹر لاہور میں فیکٹ ایگزبیشنز کی جانب سے منعقد کرائی جائے گی۔ یہ نمائش نہ صرف جدید ترین مشینری اور اس کے آلات کو متعارف کروانے کیلئے ضروری ہے بلکہ بین الاقوامی وفود کے کاروباری دوروں کے ذریعے تجارتی فوائد اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کرنے کیلئے بھی مفید ہو گی۔ ایگا ٹیکس پاکستان اس سال اپنے 20 برس مکمل کررہا ہے جس میں پہلی مرتبہ ڈینم اور ڈیجیٹل ٹیکسٹائل پرنٹنگ بھی متعارف کروائی جائے گی۔ اس نمائش میں اعلی سطحی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی جس میں ٹیکسٹائل، ریٹیل، ڈینم، اور گارمنٹس سے تعلق رکھنے والے ماہرین اپنے خیالات اور تجربات کا اظہار کریں گے اور ٹیکسٹائیل کی جدید ایجادات اور امکانات کو بھی اجاگر کریں گے۔پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی بھی نمائش میں سسٹین ابیلیٹی کیلئے ایک پویلین بنایا جارہا ہے۔ جس میں ملک کی سرفہرست یونیورسٹیوں کے طلباء ری سائیکل،اپ سائیکل اور ڈاؤن سائیکل طریقہ کار پر مبنی ملبوسات اور مصنوعات کی نمائش کریں گے۔اس نمائش میں آسٹریا، بیلجیئم، چین، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، کوریا، سپین، سوئٹزرلینڈ، تائیوان، ترکی، برطانیہ، اور امریکہ سمیت 30 ممالک کی 500 سے زائد کمپنیاں حصہ لیں گی جہاں نمائشی کمپیناں جدید مشینری کے ماڈلز ڈسپلے کریں گی۔ایگا ٹیکس پاکستان نمائش اور کانفرنس کا مقصد مقامی مینوفیکچررز کو جدید مشینری سے متعارف کروانا اور گارمنٹس اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔