• news

 برآمدات کے فروغ کیلئے افریقہ ، وسطی ایشیا خصوصی توجہ کا مرکز : ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی

لاہور(کامرس رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان شہزاد احمد خان راجپوت نے کہا ہے کہ آئندہ سال جنوری سے جون بہت فعال مہینے ہیں کیونکہ اس دوران انجینئرنگ ایکسپو، آئی ٹیک فیئر، ٹیکسٹائل ایکسپو، فوڈ پراسیسنگ فیئر اور وومن انٹرپنیورز کیلئے ایکسپو منعقد کیے جائیں گے۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور سینئر نائب صدر چودھری ظفر محمود نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ڈی جی ٹی ڈیپ نے کہا کہ فروری میں انجینئرنگ ایکسپو، مارچ میں آئی ٹیک فیئر، مئی میں ٹیکسٹائل ایکسپو اور فوڈ پراسیسنگ فیئر منعقد کیے جائیں گے جبکہ او آئی سی اور اسلامک سینٹر فار ڈویلپمنٹ آف ٹریڈ کے اشتراک سے وومن انٹرپنیورز کیلئے ایکسپو منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی جانب سے ہمیشہ مثبت چیزیں ملیں اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اپنی ٹیم کا حصہ سمجھتے ہیں۔ برآمدات کے فروغ کیلئے افریقہ اور وسطی ایشیا خصوصی توجہ کا مرکز ہیں کیونکہ یہ پاکستانی برآمدات کیلئے بہت موزوں اور پوٹینشل سے بھرپو رمنڈیاں ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے لہذا اسے برآمدات کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک کی تجارتی ترقی کیلئے مزید جامع اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے ایمنسٹی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ڈالر گردش میں آئے گا۔ مقامی انڈسٹری کو فروغ دئیے بغیر تجارتی خسارے پر قابو پانا ممکن نہیں۔ 48ارب ڈالر سے زائد کے تجارتی خسارے اور 17ارب ڈالر کے کرنٹ اکائونٹ خسارے کو کم کرنے اور درآمدات کے متبادل کیلئے خصوصی حکمت عملی وضع کرنا ہوگی۔ 

ای پیپر-دی نیشن