پاکستان آکر اچھا لگا : برینڈن میکلم
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) انگلش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکلم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ اچھا ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی ٹیسٹ میچ میں عدم دستیابی پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ انگلش ٹیم برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں بہترین کیمپ میں حصہ لیا، پاکستان میں آکر اچھا لگ رہا ہے، پاکستان میں اچھی مہمان نوازی کی جا رہی ہے، آج پہلا پریکٹس سیشن کیا ہے۔برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اچھی ٹریننگ کی ہے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے اچھی پچ بننے کی امید کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان میں کرکٹ کے لیے بہت جذباتی شائقین ہیں، ہم بہترین کرکٹ کھیلنے کی امید کر رہے ہیں۔انگلش ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ورلڈ کپ جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ایک سوال کے جواب میں برینڈن میکلم کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں، شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے بڑا اعلان کردیا۔انگلش کپتان بین سٹوکس نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ٹیسٹ میچ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بین سٹوکس نے کہا کہ اس سال کے شروع میں پاکستان کو تباہ کرنے والے سیلاب کو دیکھ کر بہت دکھ ہوا اور سیلاب کے ملک اور عوام پر خاصے اثرات مرتب ہوئے۔انگلش کپتان کاکہنا تھاکہ کھیل نے میری زندگی میں مجھے بہت کچھ دیا ہے اور میں صرف یہی حق سمجھتا ہوں کہ کرکٹ سے بالاتر ہو کر کچھ واپس دوں ۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں اپنی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ، ایک روز آرام کے بعد مہمان ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا ۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ ،بائولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی ۔ آج اور کل بھی پریکٹس سیشن منعقد کیا جائے گا جس کے بعد یکم دسمبر سے راولپنڈی میں پہلا کرکٹ ٹیسٹ شروع ہوگا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 9دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔