• news

پی آئی سی میں دل کے مریضوں کیلئے سٹنٹس کی عدم دستیابی کیخلاف درخواست مسترد 


لاہور  (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کے لئے سٹنٹس  کی عدم دستیابی کے خلاف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی ۔عدالت نے درخواست گذار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے لاہور کے مقامی شہری عصمت اللہ کی درخواست پر پیر کو ابتدائی سماعت کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی ۔عدالت عالیہ کے روبرو درخواست گذار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں دل کے مریضوں کے لئے سٹنٹس دستیاب نہیں ہیں جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے مریضوں کے لئے سٹنٹس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا حکم دے۔ سرکاری وکیل نے نشاندہی کی کہ درخواست گذار نے متعلقہ فورم سے رجوع کئے بغیر عدالت عالیہ میں درخواست دائر کردی جوکہ ناقابل سماعت ہے ۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد  عدالت نے درخواست  ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے درخواست گذار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔

ای پیپر-دی نیشن