مونس الٰہی و دیگر کی بیرون ملک جائیداد پر ٹیکس کیس، وکلا سے دلائل طلب
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے مونسی الٰہی و دیگر کی بیرون ملک جائیدادوں پر ٹیکس کے خلاف درخواستوں پر 29 نومبر کو مزید دلائل طلب کر لئے ہیں۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شیراز ذکا نے وفاقی حکومت کا جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔ وکیل ایف بی آر نے کہا آئین کے آرٹیکل 141 کے تحت بیرون ملک جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں پر ملکی قوانین کا اطلاق ہوتا ہے، ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرنز پر قوانین کے تحت ٹیکس عائد کیا ہے۔ وکیل درخواست گزاران سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ بیرون ملک منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں پر ٹیکس عائد کرنا وفاق کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔ بیرون ملک اثاثے ایمنسٹی سکیم کے تحت تحفظ یافتہ ہیں۔ استدعا ہے کہ عدالت ای پورٹل پر جرمانے کے بغیر ٹیکس ریٹرن جمع کرنے کا حکم دے۔